اسرائیلی فورسز کے حملے کے ردعمل میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فورسز پر پتھرائوکیا

اسرائیلی فورسز طلوع فجر سے پہلے مسجد میں داخل ہوئے، جب ہزاروں نمازی صبح کی نماز کے لیے مسجد میں جمع تھے

اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں اور طبی عملے کی مسجد تک پہنچنے میں رکاوٹیں کھڑی کیں ،فلسطینی ہلال احمر

مقبوضہ بیت المقدس (ویب نیوز)

فلسطین میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اورقابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی پر حملہ کر کے نہتے نمازیوں کونشانہ بنایا، جس سے 100 نمازی زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی میں نمازیوں پر آنسو گیس اور شیلنگ بھی کی، اسرائیلی فوجیوں نے نمازیوں پر حملہ فجر کی نماز کے دوران کیا۔ اسرائیلی فورسز کے حملے کے ردعمل میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فورسز پر پتھرائوکیا۔عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز طلوع فجر سے پہلے مسجد میں داخل ہوئے، جب ہزاروں نمازی صبح کی نماز کے لیے مسجد میں جمع تھے۔ اوقاف سائٹ کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود ایک محافظ کی آنکھ ربڑ کی گولی سے زخمی ہو گئی۔آن لائن ویڈیوز میں فلسطینیوں کو اپنے آپ کو بچانے کے لیے پتھر پھینکتے اور پولیس کو آنسو گیس اور سٹن گرنیڈ چلاتے ہوئے دکھا جا سکتا ہے۔فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں اور طبی عملے کی مسجد تک پہنچنے میں رکاوٹیں کھڑی کیں کیونکہ فلسطینی میڈیا کے مطابق درجنوں زخمی نمازی احاطے کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔