کامسیٹس اور ٹیکنیکل یونیورسٹی تاجکستان کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط بھی کئے گئے
چیمبر آف کامرس تاجکستان اور کوئٹہ، سیالکوٹ، لاہور چیمبرز کے مابین معاہدہ ہوا ،اعلامیہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں 12معاہدوں پر دستخط کئے گئے ، اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ پاک تاجک وزرائے خارجہ کے درمیان تعاون پروگرام کا معاہدہ بھی طے پایا، کامسیٹس اور ٹیکنیکل یونیورسٹی تاجکستان کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط بھی کئے گئے۔انڈس یونیورسٹی اور تاجک ٹیکنیکل یونیورسٹی میں تعاون کا معاہدہ طے پایا، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجکستان اور کوئٹہ، سیالکوٹ، لاہور چیمبرز کے مابین معاہدہ بھی ہوا ہے۔پاکستان اور تاجکستان میں کرپشن کی روک تھام میں تعاون کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے گئے، کرپشن سے متعلق روک تھام کی یاد داشت نیب اور تاجک ایجنسی میں طے پائی ہے۔پاکستان اور تاجکستان میں فن اور ثقافت کے شعبے اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے میں تعاون کے معاہدے بھی ہوئے ہیں۔نمل اور تاجک انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔