پیشنٹس ایڈفاؤنڈیشن (PAF) کا ادارہ JPMCکے نیفرولوجی وارڈ میں معیاری ہیمو ڈائی لائسس کی سہولت فراہم کررہا ہے۔
آسلام آباد (ویب نیوز )
پاکستان دنیا بھرمیں گردے کی بیماریوں کی سب سے زیادہ شرح والے ملکوں کی فہرست میں 8ویں نمبرپر ہے۔ملک میں لاکھوں افراد گردے کی صحت سے متعلق مختلف مسائل میں مبتلا ہیں اور ملک میں گردے کے مریضوں میں کم آمدنی والے افراد کی تعداد زیادہ ہے کیونکہ ان کو پینے کے صاف پانی، حفظان صحت کے مناسب حالات، صفائی کے طریقہ ء کار اور سب سے اہم صحت بخش غذا دستیاب نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کم آمدنی والے لوگوں میں بغیر دھوئیں کے تمباکو کا بڑھتاہوااستعمال گردوں کی خرابی کی ایک اورسب سے بڑی وجہ ہے۔
پیشنٹس ایڈفاؤنڈیشن (PAF) ایک غیر منافع بخش ہیلتھ کیئر منیجمنٹ کا ادارہ ہے جوJPMCکے ساتھ جناح ہسپتال میں معیاری صحت کی خدمات میں اضافے اور ان کو یقینی بنانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ اپنے اس مقصد کے تحت PAFنے گردے کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر معیاری ہیمو ڈائی لائسس کی خدمات فراہم کرنے کیلئے نیفرولوجی وارڈ کے ساتھ تعاون کی ضرورت محسوس کی۔
PAF نے JPMCکے نیفرولوجی وارڈ میں معیاری ہیمو ڈائی لائسس کی خدمات متعارف کروانے کیلئے عطیہ دینے والوں کے سامنے ایک پلان پیش کیا۔مخیر حضرات سے موجودہ مسلسل رابطے قائم کرنے کے ساتھ PAFنے فنڈز جمع کئے اور شہر میں JPMCمیں انتہائی قابل اعتماد علاج متعارف کروایا۔ PAFنے نیفرولوجی وارڈ میں ہیموڈائی لائسس کے علاج کیلئے خصوصی جگہ مختص کی جہاں بین الاقوامی معیار کی ڈائی لائسس کی خدمات کیلئے 19عدد ہیمو ڈائی لائسس مشینیں فراہم کی گئیں اور 2نئے آراو پلانٹس بھی نصب کروائے۔
آلات کی تزئین نو کے علاوہ PAFنے اہل عملہ بھی متعین کیا جس میں مریضوں کی جانچ کے بعدمشورے کیلئے 2 کوالیفائیڈ کنسلٹنٹس اور ہیموڈائی لائسس مشینوں کو درست طور پر چلانے کیلئے 6ڈائی لائسس ٹیکنیشن اور مریضوں کی مستعدی کے ساتھ دیکھ بھال کیلئے 5 معاون شامل ہیں جوڈائی لائسس کے علاج کے دوران میں مریضوں کو مسلسل فالو اپ اور یاددہانی کی کالز بھی کرتے ہیں۔
اگرچہ JPMCشہر میں موجود دوسرے ہسپتالوں کی طرح ایک خاص مرض کیلئے مخصوص نہیں ہے جیسے گردے سے متعلق خدمات اور ڈائی لائسس کے علاج کیلئے ہیں، تاہم PAFکی مدد سے جدید ترین آلات اور مستعد انسانی وسائل کے ساتھ معیاری ڈائی لائسس کا علاج فراہم کررہا ہے جو اس کی نیفرولوجی وارڈ میں مخصوص جگہ پر قائم کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ مستحق مریضوں کو ہیموڈائی لائسس کا مفت علاج فراہم کرنے والے محض چند پبلک اداروں سے بوجھ کم کرنے میں مددگار ہوگا۔