اسلام آباد( ویب نیوز )
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کیپٹل آفس اسلام آباد رکی وساطت سے قومی ائیرلائن پی آئی اے اور گلگت بلتستان کے چیمبرز کے مابین باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کردیئے۔ ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد میں سابقہ نائب صدر ایف پی سی سی آئی و نگر چیمبر کے بانی صدر محمد علی قائد ‘ہنزہ چیمبر کے بانی صدر محمد رازق اور پی آئی اے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ منیجر احمد فراز خان نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے اندورن ملک اور بیرون ملک ٹکٹوں میں چیمبرز کی وساطت سے ان کے ممبران کو 10فیصد ڈسکانٹ کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیئے۔معاہدے کی رو کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے چیمبرز کے ممبران ، اہلخانہ اور بچوں کومقامی و عالمی ٹکٹوں میں 10فیصد تک رعایت کی سہولت مل سکے گی۔ ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی ، کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ، ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے رئیل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کے چیئرمین محمد عابد خان ، قومی ائیر لائن کے پی ایس ایم کارپوریٹ اسد خان ، پی ایس ایم سیلز رضوان اکرم اور ضرار غور سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر احمد فراز خان نے کہا کہ پی آئی اے کاروباری افراد کو ریلیف فراہم کر نے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پی آئی اے کے ذریعے اپنے سفر کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہاکہ 10فیصد دسکانٹ سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔فراز خان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹمپ ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ہر جگہ الگ الگ ہیں ۔ اسٹمپ ڈیوٹی کو ختم اور سیلز پر ٹیکس کو ملک بھر میں یکساں ہونا چاہیے ۔ ایف پی سی سی آئی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی ، کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ،سابق نائب صدر و بانی صدر نگر چیمبر محمد علی قائد، بانی صدر ہنزہ چیمبر محمد رازق چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے رئیل اسٹیٹ محمد عابد خان نے پی آئی اے حکام کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس مفاہمتی یاداشت سے نہ صرف بزنس کمیونٹی کو فائدہ حاصل ہوگا بلکہ قومی ائیرلائن کا بزنس بھی بڑے گا، وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی اور قومی ائیرلائن پی آئی اے اسی طرح قریبی روابط رکھیں،پی آئی اے اپنے ملک کے عوام اور بزنس کمیونٹی کو مزید سہولت دیں۔ قربان علی اور مرزا عبدالرحمن نے اسٹمپ ڈیوٹی اور ٹیکسز کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے قائدین کی حکومتی ذمہ داروں سے پہلے بھی کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور آئندہ چند روز میں بھی اہم ملاقات ہوگی جس میں وفاقی بجٹ سے متعلق مشاورت ہوگی ۔ ہم اسٹمپ ڈیوٹی اور ٹیکسز کے حوالے وفاقی وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ ، وفاقی وزیر تجارت کو آگاہ کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سفاری ائیر لائن کا آغاز اچھا اقدام ہے اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ اس قسم کے اقدامات ملک بھر میں موجود سیاحتی مقامات کیلئے بھی اٹھانے چاہئیں ۔ تقریب کے آخر میں ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی اور کوآرڈنیٹر مرزا عبدالرحمن نے ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے احمد فراز خان کو ایف پی سی سی آئی کی شیلڈ جبکہ پی آئی اے ڈی ایم نے قربان علی کو پاکستانی جھنڈے کی شیلڈ پیش کی ۔