ایم سی آئی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیوریج و صفائی کا نظام بہتر کرنے پر توجہ دے۔ سردار یاسر الیاس خان
جلدکمرشل ایریاز کا دورہ کر کے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ غلام سرور سندھو
اسلام آباد (ویب نیوز )
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں پرانی اور خستہ حال سیوریج اور پانی کی لائنوں کی وجہ سے تاجر برادری کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کا نظام بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) تاجر برادری کے مسائل کو جلد حل کرنے پر توجہ دے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر ایم سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل سوک سروسز غلام سرور سندھو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر، عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، سعید خان، اویس خٹک، اسلم کھوکھر، نوید ملک و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے آئی سی سی آئی کے تعاون سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی کارپٹنگ اور اسٹریٹ لائٹ کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کام شروع کر دیئے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ایم سی آئی بھی آئی سی سی آئی کے تعاون سے تاجروصنعتکار برادری کے چیدہ چیدہ مسائل حل کرنے پر توجہ دے جس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔
فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر، عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی،محمد اعجاز عباسی سابق صدر آئی سی سی آئی اور دیگر نے بھی غلام سرور سندھو کو ایم سی آئی سے متعلق کاروباری برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ان کو حل کرانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر تاجر برادرے خطاب کرتے ہوئے ایم سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل سوک سروسز غلام سرور سندھو نے شہریوں کو بہتر سروسز فراہم کرنے کیلئے اپنے ادارے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی صفائی وستھرائی کا نظام بہتر بنانے اور سیوریج کی نئی لائنز بچھانے کے لئے کوشاں ہے جس سے یہ مسائل بہتر حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی سیکٹرز میں کنٹریکٹ سسٹم کو ختم کیا جارہا ہے جبکہ برساتی نالوں کی صفائی کر کے سائیڈز پر پتھر لگائے جا رہے ہیں۔ نالوں سے سیوریج کنکشن منقطع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں نئے ڈسٹ بن رکھوارہے ہیں اور کوڑا کرکٹ اٹھانے والی نئی گاڑیاں خرید رہے ہیں۔ میرے دفتر کے دروازے ہر مارکیٹ کیلئے کھلے ہیں اور جلد مختلف مارکیٹوں کا دورہ کر کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
میٹنگ میں یہ طے پایا کہ تاجر برادری کے مسائل کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرنے کیلئے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور ایم سی آئی کے حکام مارکیٹوں کا مشترکہ دورہ کریں گے جس کے بعد ایم سی آئی مسائل کو حل کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے گی۔