راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نے ملاقات کی ہے۔ سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان اپنے آزمودہ دوست چین کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کے شکر گزار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وبا کے خلاف جنگ میں چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ سپہ سالار نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر چین میں تقریب پر بھی مبارکباد دی۔

اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ممبران نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں تجارتی اور صنعتی مراکز کی ترقی کے ساتھ علاقائی معاشی ماحول کے ارتقامیں ایف پی سی سی آئی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہا اور پاک فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفد نے پاکستان میں معاشی خوشحالی کے لئے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔