پاکستان کے تقریبا 77 فیصد شہری سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے حالات غلط سمت میں جا رہے ہیں
۔ 75 فیصد کے خیال میں پاکستان کا بڑا مسئلہ مہنگائی 70 فیصد کے خیال میں بے روزگاری ہے
53 فیصد کے خیال میں غربت میں اضافہ، 36 فیصد کے خیال میں ٹیکسوں میں اضافہ بڑا مسلہ ہے
آئی پی ایس او ایس نے پاکستانی صارفین کے اعتماد بارے سروے رپورٹ جاری کر دی
اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان کی خراب معاشی صورتحال سے شہری پریشان ہیں ہر پانچ میں سے چار پاکستانی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے حالات درست سمت نہیں جا رہے ۔ ان کے خیال میں اگست 2019 ء کے بعد حالات میں بہتری کے لیے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ پاکستان کے تقریبا 77 فیصد شہری سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے حالات غلط سمت میں جا رہے ہیں ۔ غیر سرکاری ادارے آئی پی ایس او ایس نے پاکستانی صارفین کے اعتماد بارے سروے رپورٹ کیو ٹو2021 جاری کر دی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 23 فیصد کے خیال میں پاکستان کے حالات درست سمت میں جا رہے ہیں ۔ پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ تر پاکستانیوں کے خیال میں بے روزگاری اور مہنگائی پاکستان کا بڑا مسئلہ ہے ۔ 75 فیصد کے خیال میں پاکستان کا بڑا مسئلہ مہنگائی 70 فیصد کے خیال میں بے روزگاری 53 فیصد کے خیال میں غربت میں اضافہ 36 فیصد کے خیال میں ٹیکسوں میں اضافہ اور 38 فیصد کے خیال میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بڑا مسئلہ ہے ۔ 73 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہت زیادہ مضبوط اور نہ ہی کمزور ہے ۔ 19 فیصد کے خیال میں پاکستان کی معاشی صورتحال کمزور اور 8 فیصد کے خیال میں پاکستان کی معاشی صورتحال مستحکم ہے ۔ 25 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو گی ۔ 28 فیصد کے خیال میں معاشی صورتحال اسی طرح رہے گی ۔ 47 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ معاشی صورتحال مزید کمزور ہو گی ۔ سروے رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ گزشتہ ایک سال کے مقابلے میں اب معاشی صورتحال کے بارے میں پاکستانی زیادہ پر امید نہیں ۔ 86 فیصد کو اس سلسلے میں کوئی اعتماد نہیں جبکہ 14 فیصد پر امید ہیں ۔ گزشتہ ایک سال میں تقریباً 46 فیصد افراد کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا 40 فیصد کے خیال میں اس دوران ان کی ملازمت برقرار رہی ۔ پاکستان کے 83 فیصد شہری ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے بچوں کے اخراجات کے بارے میں فکر مند ہیں جبکہ 17 فیصد ان اخراجات کے بارے میں فکر مند نہیں ہیں ۔ یہ سروے رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کے 86 فیصد موجودہ معاشی صورتحال میں گھر یاکار خریدنے سے معذور ہیں ۔ سروے رپورٹ میں پاکستان کے چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 18 سال سے زائد عمر کے 11 سو افراد نے حصہ لیا ۔ آئی پی ایس او ایس کے ایم ڈی عبدلستار بابر نے کہا ہے کہ سروے رپورٹ سے کاروباری اور پالیسی ساز افراد مارکیٹ کی تبدیلیوں کو مانیٹر کر سکیں گے ، سروے کے اعدادو شمار انہیں فیصلہ سازی میں مدد دیں گے