اسلام آباد (ویب نیوز )

وزیر اعظم عمران خان سے کوکا کولا آئسیک کے وفد کی ملاقات۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکی کےسفیر احسان مصطفے یردکل، وزیر برائے صنعت مخدوم خسرو بختیار، مشیر وزیر اعظم عبدالرزاق داؤد بھی شریک تھے۔

وفد میں جنرل مینیجر کوکا کولا آئسیک پاکستان احمت کرسد ارتن، کوکا کولا پاکستان کے ڈائریکٹراور کارپوریٹ افیئرذ مینیجر شامل تھے۔

وفد نے وزیراعظم کو کوکا کولا کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری اور مستقبل میں اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے حوالے سے منصوبہ بندی پر آگاہ کیا۔

وفد نے وزیراعظم کو صوبہ خیبر پختونخوا میں اپنے آئندہ بیوریج پلانٹ کے منصوبے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد عنقریب رکھا جائے گا۔ اس نئے پلانٹ کی بدولت مقامی آبادی کے لئے ملازمت کے بلا واسطہ اور بالواسطہ مواقع، ذیلی صنعتوں کے لئے منافع کے امکانات پیدا ہوں گے اور حکومت پاکستان کے محصولات میں اضافہ ہوگا۔ وفد نے وزیراعظم کو کوکا کولا آئسیک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی بدولت سماجی و معاشی اثرات پر مرتب کردہ رپورٹ بھی پیش کی۔
کوکا کولا آئسیک کے وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے کمپنی کو سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کوکا کولا آئسیک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اور صوبہ خیبر پختونخوا میں کمپنی کی جانب سے مجوزہ سرمایہ کاری کو سراہا۔

وزیر اعظم نے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے روشن امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کے نتیجے میں معاشی ترقی اور روزگار کے بھرپور امکانات روشن ہو رہے ہیں۔