ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکی ایف 35 طیارے بھول جائیگی، ترک وزیر
ترک انجینئروں کے مرہون منت مسلح ڈرونز یورپی آسمانوں پر پرواز کرنے کے دن گن رہے ہیں،مصطفی وارانک
، جدید ٹیکنالوجی میں لیڈر ملک کی حیثیت حاصل کرنے کے لیے ہم نے ہر شعبے میں پیشرفت کی ،تقریب سے خطاب
انقرہ ( ویب نیوز) ترک وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مصطفی وارانک نے کہا ہے کہ ہم جب ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکہ کے ایف 35 طیاروں کو بھول جائے گی۔انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک ڈرونز کی تیاری میں وسیع پیمانے کی سرمایہ کاری کرنے والے چند مماک میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے ڈرونز کو عالمی سطح پر میدان جنگ میں نکالیں گے تو یقین کریں پوری دنیا ایف 35 لڑاکا طیاروں کے بجائے ترکش ڈرونز کا ذکر کرے گی۔ترکی کے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 7 فیصد کی شرح سے ترقی کرتے ہوئے جی 20 ممالک کے درمیان سب سے زیادہ ترقی کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کی یاد دہانی کرانے والے مصطفی وارانک نے کہا کہ پیداوار صنعت نے اس شرح نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں لیڈر ملک کی حیثیت حاصل کرنے کے لیے ہم نے ہر شعبے میں پیشرفت کی ہے اورترک انجینئروں کے مرہون منت مسلح ڈرونز یورپی آسمانوں پر پرواز کرنے کے دن گن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے مسلسل ایف 35 کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے، یہ ایک کامیاب طیارہ ہے لیکن ہم ترک جنگی طیاروں کے منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں اورتوجہ ڈرونز کی تیاری پر مرکوز ہیں، ہم عنقریب دنیا بھر میں اس شعبے میں لیڈر ہوں گے۔