• انٹونی بلنکن کے دورے کا مقصد امریکا اور چین کے تعلقات کو بحال کرنا ہے ، امریکی میڈیا
  •  امریکی وزیر خارجہ چینی ہم منصب چن گینگ، اعلی سفارت کار سمیت ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے
  • دورے کا مقصد بحران سے نمٹنے کیلئے میکانزم قائم کرنا، امریکی اور اتحادیوں کے مفادات کو آگے بڑھانا اور ممکنہ تعاون کے شعبوں کو تلاش کرنا ہے، انٹونی بلنکن

بیجنگ (ویب نیوز)

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے 2 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، انٹونی بلنکن پانچ سال میں امریکا کے پہلے عہدیدار ہیں جو چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورے کا مقصد امریکا اور چین کے تعلقات کو بحال کرنا ہے ، اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ چینی ہم منصب چن گینگ، اعلی سفارت کار سمیت ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان رابطے بڑھا کر کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ سال 2018 کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا چین کا پہلا دورہ ہے ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کے دور اقتدار میں دونوں ملکوں میں کشیدگی کے باعث تعلقات سر مہری کا شکار تھے،رواں سال فروری میں امریکی فضائی حدود میں مشتبہ چینی غباروں کے اڑنے پر بلنکن نے چین کا دورہ ملتوی کردیا تھا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ انٹونی بلنکن کے دورے سے سرد جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ اس دورے کا مقصد واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان  مضبوط مواصلاتی رابطوں کا قیام ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دونوں ملکوں کے درمیان  اسٹریٹجک مخالفت دشمنی اور تنازعات کی شکل اختیار نہ کرے۔ محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار نے بیجنگ جاتے ہوئے ٹوکیو میں قیام کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ملکوں کو اس بات کا احساس ہے کہ ہمیں رابطوں کے لیے اعلی سطح کے چینلز کی ضرورت ہے۔ ہم تعلقات کے اس اہم موڑ پر ہیں جہاں مس کلکیولیشن کے خطرے کو کم کرنا یا تعلقات کو پستی کی طرف جانے سے روکنا ضروری ہے۔روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ اس دورے کے تین اہم مقاصد ہیں جن میں بحران سے نمٹنے کے لیے میکانزم قائم کرنا، امریکی اور اتحادیوں کے مفادات کو آگے بڑھانا اور متعلقہ خدشات کے بارے میں براہ راست بات کرنا اور ممکنہ تعاون کے شعبوں کو تلاش کرناشامل ہے۔