چین کے نائب وزیر اعظم   ہی لی فینگ  تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

دورہ کے دوران سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے.

اسلام آباد(ویب  نیوز)

حکومتِ پاکستان کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے، چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ اتوار کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چینی نائب وزیر اعظم اپنے دورہ کے دوران سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دہائی منانے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔چینی نائب وزیر اعظم  ہی لی فینگ  نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جن میں سے سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے۔نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین (2017-2023) کے طور پر انھوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلی سطحی تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے۔ چینی نائب وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کی طرف سے اپنی آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے سے منسلک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے مسائل پر حمایت کی توثیق، اقتصادی اور مالی تعاون کو بڑھانا، سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔