اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیرِ اعظم عمران خان کو ملک میں انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر بریفنگ دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کو ان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز، سینیٹ میں قائدِ ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، ,وفاقی وزراء اعظم خان سواتی، فرخ حبیب اور مشیرِ وزیرِ اعظم بابر اعوان نے بھی شرکت کی۔
وزیرِ اعظم اور وزراء کو انتخابی اصلاحات کے ضمن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور قانون سازی پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ای وی ایم کے انتخابی عمل میں استعمال میں شفافیت اور تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرنےکی ہدایت کی گئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں دھاندلی روکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال واحد آپشن ہے۔
وزیرِ اعظم کا مزید کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز ملک کا اثاثہ ہیں، ان کو انتخابی عمل میں لازماً شریک بنائیں گے۔
عمران خان نے اجلاس میں یہ ہدایت بھی کی ہے کہ انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کو حقِ رائے دہی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔