مظفرآباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مرضی و منشاء کے بغیر ریاست جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ ہو ہی نہیں سکتا، آزادکشمیر کے عوام 25 جولائی کو مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کو ووٹ کی پرچی سے کامیاب کر کے سازش کو ناکام بنائیں۔ سابق وزیر حکومت و نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ لچھراٹ پیر سید مرتضیٰ گیلانی کی رہائشگاہ پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے ، انہوں نے جس مقصد کیلئے قربانیاں دیں اپنے شہیدوں کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں دفناتے ہیں ان کو نہ بھولیں گے نہ بھولنے دیں گے ، ووٹ اس کو دیں جو آپ کی شناخت اور تشخص برقرار رکھے ، آزادکشمیر کا خطہ موجود ہے تو تحریک آزادی کو کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ ن کا قافلہ بڑھتا ہی رہے گا ، اللہ کے فضل و کرم سے اس میں کمی نہیں آئے گی ، ۔وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان کا پیر سید مرتضیٰ علی گیلانی کی رہائشگاہ آمد پر فقید المثال استقبال کیا گیا ، مظفرآباد شہر سے لیکر پیر سید مرتضیٰ گیلانی کے گھر تک راجہ محمد فاروق حیدرخان کے خیرمقدمی بینروں کی بھرپور ، وزیراعظم مرتضیٰ گیلانی کی رہائشگاہ پہنچے تو کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے قائد کشمیر کو ویلکم کیا ۔ مسلم لیگی کارکنان نے مرتضی گیلانی کو ٹکٹ دینے کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حلقہ سے بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کا عز م کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ پارلیمانی بورڈ سے مشاورت کے بعد پارٹی ٹکٹ سید مرتضیٰ علی گیلانی کو جاری کیاگیا۔ مرتضیٰ گیلانی کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کریں گے ۔ یہ فیصلہ حلقے کے عوام کے مفاد کیلئے کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جو کارکردگی مسلم لیگ ن نے دکھائی اگر کسی اور کے پاس ہے تو وہ دکھائے ، کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کر سکتی ،اپنے آپ کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔