طالبان  نے شمال میں تخار اور فاریاب کی طرف پیش قدمی شروع کر دی

مجموعی طور پر طالبان اکتالیس اضلاع پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں

کابل (ویب  نیوز)طالبان نے افغانستان کے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے ۔افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا عمل شروع ہونے کے بعد طالبان نے کابل حکومت کے خلاف عسکری دبا میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  طالبان نے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔ متعدد حکومتی اہلکاروں نے جرمن خبر رساں ادارے  سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب طالبان ملک کے شمال میں تخار اور فاریاب کی صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ یکم مئی کو افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے مجموعی طور پر طالبان اکتالیس اضلاع پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ افغانستان کے چونتیس صوبے تقریبا چار سو اضلاع میں تقسیم ہیں۔