مریم نواز اور سالک حسین کے درمیان لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا

لاہور (ویب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کے درمیان بیانات کے بعد لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا۔
مریم نواز کے بیان پر وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انسان کو غرور اور تکبر سے بچائے، انسان کے پاس جب اختیار آ جائے تو اسے مزید عاجز اور منکسر المزاج رہنا چاہیے۔
چودھری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے سابقہ بیان پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔
دوسری جانب انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور ترقیِ انسانی وسائل چودھری سالک حسین کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجواؤں گی۔
ہونہار سکالر شپ اور طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے جو گجرات شہر دیا، وہاں میری لیڈ کروزر بارش کے پانی میں ڈوب گئی، تکلیف اس بات کی ہے کہ میں نے ڈی سی گجرات کو تبدیل کیا ہے، جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے، آج ترقی دیکھ کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جس طرح گھر کو صاف رکھتے ہیں، اسی طرح اپنے ملک اور شہر کو بھی صاف رکھنا ہے، کوئی کچھ بھی کہے، لیکن ملک کے خلاف ہتھیار نہ اٹھانا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بات کرپشن کی نہیں، آپ وفاقی وزیر ہیں الزام نہ لگائیں اور ثبوت ہیں تو پیش کریں، جو سفارش پر آتا ہے، وہ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔





