اسلام آباد (ویب ڈیسک)
سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بار ے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ اس سال 90,000طلبا و طالبات کو احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ دیا جارہا ہے ۔قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ طلبا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال دگنی تعداد میں سکالرپش جاری ہوئے ہیں۔رواں سال کے نئے سکالرشپس میں 51فیصد خواتین کو جاری ہوئے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے منگل کی صبح سویرے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پالیسی پر طلبا و طالبات سے مشاورت تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے طلبا و طالبات سے احساس سکالرشپ پالیسی پر رائے لی۔ طلبہ وطالبات سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ احساس سکالرشپ پروگرام میں کم آمدنی والے گھرانوں کے ذہین طلبا و طالبات کو احساس انڈرگریجویٹ سکالر شپ فراہم کیا جاتا ہے۔ سکالرشپ میں مکمل ٹیوشن فیس اور ماہانہ گزر بسر کا وظیفہ شامل ہیں۔