لاہور  (ویب نیوز)

پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) بھی کہا جاتا ہے، سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور انڈر پاس پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ترجیح بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر اہلیان لاہور کو انکے کے روزمرہ کے سفر میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او جناب عمران امین نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور انڈر پاس سائٹ کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران، انہوں نے مرکزی انڈر پاس اور ملحقہ شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے فعال بنانے پر سی بی ڈی پنجاب انتظامیہ اور کنٹریکٹر نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کی کاوشوں کو سراہا۔

علی زیب روڈ بیرل کی رافٹ ے لئے کنکریٹ پورنگ کا کام جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔ علی زیب روڈ بیرل عوام کے لیے تحفہ ہو گا۔ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے، سی بی ڈی پنجاب بولیورڈ اور انڈرپاس کے گردونواح میں 10,000 پودے بھی لگا رہا ہے جو ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبے پر مثبت ا ثرات ڈالیں گے۔

سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او جناب عمران امین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہماری اولین ترجیح عام لوگوں کو ان کے روزمرہ کے سفر میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ کہ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور انڈر پاس منصوبہ 90% مکمل ہو چکا ہے، اور ہم نے ملحقہ تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی ہیں۔ پی ایس ایل 8 کی طرح، سی بی ڈی پنجاب نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ T20 سیریز کے دوران ٹریفک کی روانی کے لیے تمام اہم اقدامات کیے ہیں۔ ”

سی بی ڈی پنجاب کے کئی اعلیٰ افسران بشمول ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل محمد عمر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال اور سی بی ڈی پنجاب اور این ایل سی کے سینئر افسران بھی دورے کے دوران موجود تھے۔