اسلام آباد (ویب ڈیسک)
سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن(ایس ای سی ڈی آئی وی)کی آگاہی کے فروغ کی سرگرمیوں کا مقصد جوہری وحیاتیاتی ہتھیاروں اور ان کے ڈلیوری سسٹمز سے متعلق اشیائ، مصنوعات، ٹیکنالوجیز، مواد اور آلات پر برآمدی کنٹرول کے قانون 2004 (ایس ای سی اے 2004) پر عمل درآمد کو مزید مضبوط بنانا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے نظام سے متعلق معلومات کو عام کرناہے جس میں عدم پھیلاو کی قومی کوششوں کے طریقہ ہائے کار اور ذرائع کو مزید موثر بنانے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کے حکام کی ٹیم نے کسٹم ہاوس کوئٹہ میں 23 اور 24 جون 2021 کو دو روزہ استعدادکار میں اضافے کی تربیت کا انعقاد کیا۔ کسٹمز، فرنٹئیر کور، وفاقی حکومت کے کورنٹین ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان پوسٹ نے تربیتی نشست میں شرکت کی۔ دو روزہ تربیت کے دوران شرکاکو لیکچر اور پریزنٹیشنز دی گئیں اور سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کے مختلف پہلووں، مصنوعات کے دوہرے استعمال کی شناخت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں پر عمل درآمد اور عدم پھیلاو کی قومی کوششوں پر بات چیت ہوئی۔سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کی ٹیم نے بلوچستان یونیورسٹی اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بھی دورہ کیا اور ماہرین تعلیم اور کاروباری برادری کو سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول بشمول انٹرنل کمپلائنس (داخلی عمل درآمد) پروگرام کے رہنما اصولوں، متعلقہ قوانین اور ضابطوں سے آگاہ کیا۔سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کی تربیتی نشست آگاہی اور استعداد کار میں اضافے کی معمول کی سالانہ سرگرمیوں کا حصہ ہے۔