نکاٹی کا ایس ایس جی سی کی جانب سے صنعتوں کی گیس بحال کرنے سے انکار پر شدید احتجاج
کراچی(ویب نیوز)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی ) کے صدرفیصل معیز خان نے سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی ) کی جانب سے صنعتوں کی گیس بحال کرنے سے انکار پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ کراچی کی صنعتوں کو تباہی سے بچانے اور ہزاروں ورکرز کو بے روزگاری سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں اور صنعتوں کی فوری گیس بحال کرنے کی ہدایت کریں۔فیصل معیز خان نے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آر ایل این جی وافر مقدار میں دستیاب ہونے کے باوجود کراچی کی صنعتوں کی گیس بند کی جارہی ہے جو کہ سراسر انصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نان ایکسپورٹ صنعتیں برآمدی صنعتوں کوویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے مصنوعات بھی تیار کرتی ہیں لہٰذا جتنی اہمیت برآمدی صنعتوں کی ہے اُتنی ہی اہمیت نان ایکسپورٹ صنعتوں کی بھی ہے جسے کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔نکاٹی کے صدرنے سوئی گیس حکام کے ساتھ صنعتکاروں کے اجلاس کا احوال بیان کرتے ہوئے کہاکہ سوئی گیس حکام نے گیس کی عدم فراہمی کے باعث پیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہونے اورصنعتیں بند ہونے سے بے فکری ظاہر کرتے ہوئے واضح طور پر گیس بحال کرنے سے انکار کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈال دی ہے اور صنعتکاروں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے۔فیصل معیز خان نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ کراچی کی صنعتوں کو گیس بحا ل کرکے تباہ ہونے سے بچایا جائے تاکہ پیداواری سرگرمیاں معمول کے مطابق دوبارہ شروع کی جاسکیں اور ورکرز کو بے روزگار ہونے سے بچایا جاسکے۔