ہیکرز ویکسینیشن کی آڑمیں حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم،الرٹ جاری
تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلے کے ذریعے خبردار کر دیا گیا
اسلام آباد(ویب نیوز)ہیکرز کورونا ویکسینیشن کی آڑ میں کالز کے ذریعے حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں، اس اہم معاملے پر تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلے کے ذریعے خبردار کر دیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارتوں اور ڈویژنز کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز کورونا ویکسینیشن کالز کے ذریعے موبائل ڈیٹا ہیک کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سوشل انجینئرنگ حساس معلومات چرانے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے اور ہیکرز معلومات چرانے کیلئے سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا ویکسینیشن اور دیگر گائیڈ لائنز کیلئے 1166 کے سوا دیگر ہیلپ لائن سے آنے والی کالز سے گریز کیا جائے۔مراسلے میں صارفین سے ون ٹائم پاسورڈ کسی صورت کسی شخص سے شئیر نہ کرنے، آنے والی کالز کے مستند ہونے کیلئے تمام متعلقہ سوالات پوچھنے اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بینک اکانٹس کی دوہری تصدیق کا نظام اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔