پی ٹی اے کا ملک گیر موبائل کوالٹی آف سروس بینچ مارکنگ ٹیسٹ
اسلام آباد (ویب نیوز ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جدید ترین نیٹ ورک پرفارمنس اسکور (این پی ایس) کے مطابق پاکستان کے موبائل نیٹ ورکس کے معیار اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں، قصبوں اور شاہراؤں میں فروری 2021 سے مارچ 2021 کے دوران کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) بینچ مارکنگ ٹیسٹ کیا۔
اس مہم کے دوران، مجموعی طور پر 10 شہروں، 4 قصبوں اور 18 موٹر ویز، شاہراہوں اور سڑکوں کا سروے کیا گیا اور 4 جی موڈ میں کام کرنے والی ڈیوائسزکے ساتھ نیٹ ورک کی جانچ کرتے ہوئے تقریبا 2600 وائس کالز اور 26000 ڈیٹا ٹیسٹ کیے گئے۔کیو او ایس ٹیسٹ شہروں، قصبوں اور شاہراؤں کے تقریبا 3570کلو میٹر علاقے پر مشتمل تھا۔
این پی ایس اسکورنگ کے حوالے سے ایک مربوط و منظم طریقہ کار ہے۔ جس سے ٹیلی کام ریگولیٹر بین الاقوامی معیار پر مبنی کے پی آئی کے ذریعے تمام موبائل نیٹ ورکس کے معیار کا موازنہ اور جائزہ لے سکتا ہے۔ اس منظم بینچ مارکنگ طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے پی ٹی اے نے ہر موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کے بارے میں قابل قدر معلومات حاصل کی۔
سروے کی عوامی سطح پر دستیابی کے ذریعے پی ٹی اے آپریٹروں میں مقابلے کی فضاپیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے موجودہ ڈھانچے کو بہتر بنائیں اور ملک بھر میں موبائل کوالٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستان کے ایل ٹی ای نیٹ ورکس کا بین الاقوامی سطح پر اپنائے جانے والے معیارات سے مطابقت مستقبل میں 5 جی ٹیکنالوجی کے رول آؤٹ کی بنیادثابت ہو گا۔
پی ٹی اے وائس، ڈیٹا اور ایس ایم ایس سروسز کے لئے لائسنسڈ کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (کے پی آئی) کے تحت تمام موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کے نیٹ ورک کے معیار اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے وقتا فوقتا ملک بھر میں موبائل کیو او ایس سروے بھی کرتا ہے۔ اس حوالے سے عوام / صارفین کی آگاہی کے لئے نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر شائع کیے جاتے ہیں اس کے علاوہ متعلقہ آپریٹروں کو ضرورت کے تحت خدمات کی بہتری کے لئے ضروری اقدامات اٹھا نے کے لئے بھی کہا جاتا ہے۔
این پی ایس کی رپورٹ پی ٹی اے کی ویب سائٹ :(https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey) پر دستیاب ہے۔