سپریم کورٹ ، آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لئے ایک چاررکنی لارجر بینچ سمیت سات بینچ تشکیل

سپریم کورٹ میں 9نومبر کو شاعر مشرق اور مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر تعطیل ہو گی

اسلام آباد( ویب  نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لئے ایک چاررکنی لارجر بینچ سمیت سات بینچ تشکیل دے دیئے گئے۔ سپریم کورٹ میں 9نومبر جمعرات کے روز شاعر مشرق اور مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال  کے یوم پیدائش پر  تعطیل ہو گی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل چار رکنی لارجر بینچ سابق مرحوم صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کو غداری کیس میں جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس نذر اکبر پرمشتمل سزائے موت سنانے والی تین رکنی خصوصی عدالت کو اس وقت کے لاہور ہائی کورٹ جسٹس اور اب سپریم کورٹ کے جج سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کی جانب سے غیر قانونی قراردینے کے خلاف دائر درخواستوں پر 10نومبر جمعہ کی کے روز دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گی۔ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل رکنی بینچ سوموار سے جمعہ تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ بدھ کے روز بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف 4مئی 2018کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالہ سے دائر 17درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میںمسز جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے جو کہ سوموار سے بدھ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں مسز جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل تین رکنی بینچ 10نومبر جمعہ کے روزکیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت نہیں کریں گے جبکہ جمعہ کے روزاپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے سپریم کورٹ کے جج عرفان سعادت خان کو جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں بننے والے تین رکنی بینچ میں شامل کیا گیا ہے۔ بینچ کے تیسرے رکن سید مظاہر علی اکبر نقوی ہیں۔ بینچ سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل دورکنی بینچ سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔