اس اندازمیں بینچ کا سوموٹو لینا5 رکنی عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے،سوموٹو صرف چیف جسٹس ہی لے سکتے ہیں

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین خان کا فیصلہ دیگر بینچز پر لاگو نہیں ہوتا،سرکلر

اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرٹیکل 184/3 کے مقدمات پر سرکلر جاری کر دیا، سرکلر میں کہا گیا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے فیصلے میں ازخودنوٹس کا اختیاراستعمال کیا گیا۔سرکلر کے مطابق اس اندازمیں بینچ کا سوموٹو لینا5 رکنی عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے،سوموٹو صرف چیف جسٹس آف پاکستان ہی لے سکتے ہیں۔سپریم کورٹ کے سرکلر میں کہا گیا کہ فیصلے میں دی گئی آبزرویشن کومسترد کیا جاتا ہے، آرٹیکل 184/3 کے مقدمات کی سماعت روکنے کا حکم لارجر بینچ پر لاگو نہیں ہوتا۔جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس امین الدین خان کا فیصلہ دیگر بینچز پر لاگو نہیں ہوتا،حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے کیس میں درخواست سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔سرکلر میں مزید کہا گیا کہ حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے کیس میں از خود نوٹس کی کارروائی کی گئی جو غیر قانونی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کا فیصلہ دو ایک کے تناسب سے ہے۔سرکلر کے مطابق پانچ رکنی لارجر بینچ چیف جسٹس کے از خود نوٹس لینے کا اختیار واضح کر چکا ہے،رجسٹرار سپریم کورٹ کو سرکولر سے متعلق کیس کے فریقین کو آگاہ کرنے کا کہا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے کیس کا فیصلہ مسترد کیا جاتا ہے۔