کراچی: داخلہ ٹیسٹ میں 60 فیصد سے کم نمبروں والے طلبا اور میڈیکل کالجز کی تمام درخواستیں خارج
سندھ ہائی کورٹ نے 60 فیصد نمبرز کی شرط کے خلاف فاطمہ جناح میڈیکل کالج،ہمدرد کالج آف میڈیسن و دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا
کراچی (ویب نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے 60 فیصد نمبرز کی شرط کے خلاف فاطمہ جناح میڈیکل کالج،ہمدرد کالج آف میڈیسن و دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے داخلہ ٹیسٹ میں 60 فیصد سے کم نمبروں والے طلبا اور میڈیکل کالجز کی تمام درخواستیں خارج کردیں۔ ہفتے کو سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ پی ایم سی کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 60 فیصد سے کم نمبرز والے امیدواروں کو میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں داخلے نہیں دے سکتیں ، پی ایم سی کی جانب سے ایم ڈی کیٹ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لئے 60 فیصد نمبر لازمی لینے کی شرط غیر قانونی ہے ، پی ایم سی کی جانب سے اس حوالے سے جاری کیا گیا نوٹفیکشن منسوخ کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اسٹے ملنے کی صورت میں کم نمبرز والے طلبا میڈیکل کالجز میں داخلہ حاصل کرلیں گے، نجی کالجز بی ڈی ایس طلبا سے فیس بھی وصول کرلیں گے، بعد میں مقدمہ خارج ہونے کی صورت میں افرا تفری ہوجا? گے، بی ڈی ایس میں داخلے کا معیار گرنے سے میڈیکل پیشے کا بھی معیار گرے گا ، جو طلبا میڈیکل میں داخلہ لینا چاہتے ہیں انہیں اپنا تعلیمی معیار بھی بڑھانا ہوگا۔ بعد ازاں عدالت نے داخلہ ٹیسٹ میں 60 فیصد سے کم نمبروں والے طلبا اور میڈیکل کالجز کی تمام درخواستیں خارج کردیں۔