کراچی (ویب  نیوز)

کراچی میں دسویں جماعت سائنس گروپ کا طبیعات کا پرچہ امتحانی مرکز سے پہلے سوشل میڈیا پر آئوٹ ہوگیا۔ تفصیلات  کے مطابق سندھ بھر میں دسویں جماعت کے امتحانات  شروع ہوگئے  تاہم امتحانات کے پہلے ہی روز میٹرک بورڈ کے دعوے اور کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ۔کراچی میں شروع ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات میں سائنس گروپ کا طبیعیات کا پرچہ آئوٹ ہوگیا، اور سوشل میڈیا پر جگہ جگہ طبیعات کا پرچہ نظر آیا، اطلاعات ہیں کہ فزکس کا پرچہ 9 بج کر 34منٹ پر سوشل میڈیا پر آئوٹ ہوا تھا۔دوسری جانب میٹرک بورڈ کی ناقص کارکردگی اس وقت سامنے آئی جب کراچی کے بہت سے سینٹرز سے شکایات آئیں کہ انہیں دیر تک پرچہ بھی نہیں ملا۔ جن علاقوں سے شکایات موصول ہوئیں ان میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی اور گلشن حب شامل ہیں، تقریبا ساڑھے دس بچے تک کی اطلاعات تھیں کہ ان علاقوں میں قائم امتحانی مراکز میں تاحال امتحانی پرچے نہیں پہنچ سکے۔