مقبوضہ کشمیر میں5 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے
مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال، کئی افراد زخمی،انٹرنٹ سروس معطل کر دی گئی
سری نگر( ویب نیوز ) جنوبی ضلع پلوامہ میں5 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد شہریوں نے زبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کیے ۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ بھارتی فوج نے جمعہ کے روزضلع پلوامہ کے ہانجن راجپورہ گائوں میں11گھنٹے تک جاری فوجی آپریشن کے دوران ایک رہائشی مکان کو بارودی شلوں سے تباہ کر دیا تھا۔ گھر کے ملبے سے ابو ریحان، دانش منظور شیخ ،عامر غنی وگے ،مہران منظور کی لاشیں ملیں جبکہ ایک نوجوان نیشازحسین لون کو گھر کی تباہی سے قبل گولی مار کر شہید کیا گیا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ نیشازحسین لون لشکر طیبہ کا ضلع کمانڈر تھا۔ بھارتی فوجی کارروائی کے خلاف مقامی شہریوں نے احتجاج کیا فورسز پر پتھرائو کیا جس کے بعد طرفین کے درمیان پر تشدد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹے جاری رہا۔ اس دوران فورسز نے مظاہرین پر شلنگ کی۔ فوجی حکام نے کہا ہے کہ آپریشن میںفوج کا حوالدار کاشی رائے شدید زخمی ہوا جسے بادامی باغ سرینگر منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ بھارتی فوج نے شہدا کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے نہیں کی ہیں۔ فورسز نے پور علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے جنوبی کشمیر میں انٹرنٹ سروس معطل کر دی گئی ہے