ہاتھ پھیلانے والا ملک عظیم ملک نہیں بن سکتا انشاء اللہ پاکستان ایسا ملک بنے گا جو دوسروں کو امداد دیا کرے گا، عمران خان
انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ، تمام بڑے ڈاکو این آراو کیلئے شور مچارہے ہیں
مقبوضہ کشمیر کے اسیر لوگ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف پرعزم ہیں
برہان وانی شہید جیسے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے
رواں سال کے آخر تک پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دیں گے
ملک کی تاریخ میں پہلی بار کم آمدن طبقے کیلئے گھروں کا منصوبہ شروع کیا گیا
نیا پاکستان پروگرام کے تحت ہر گھر کے ایک فرد کو فنی تربیت دی جائے گی،وزیر اعظم کا باغ میں جلسے سے خطاب
باغ( ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا تمام بڑے ڈاکو این آراو کیلئے شور مچارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے اسیر لوگ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف پرعزم ہیں، برہان وانی شہید جیسے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، رواں سال کے آخر تک پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دیں گے ، ملک کی تاریخ میں پہلی بار کم آمدن طبقے کیلئے گھروں کا منصوبہ شروع کیا گیا نیا پاکستان پروگرام کے تحت ہر گھر کے ایک فرد کو فنی تربیت دی جائے گی۔باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر قائم ہے۔ قوم ایک نظریے کے تحت بنتی ہے ۔ قومیں تب بنتی ہیں جب ذاتی مفادات سے بالا ہوکر کام کیا جائے۔ ہمارے لیڈر قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قیام کیلئے برسوں جدوجہد کی ۔ حضرت محمدۖ نے مدینہ میں دنیا کی پہلی
فلاحی ریاست قائم کی۔مدینہ کی ریاست ہمارے لئے ماڈل ہے ہم بھی پاکستان کو ایک فلاحی ریاست کے قیام کیلئے کوشش کررہے ہیں سال کے آخر تک پورے آزاد کشمیر کو ہیلتھ کارڈ دیں گے جس کے پاس یہ کارڈ ہوگا وہ دس لاکھ سے کسی بھی ہسپتال ملک علاج کروا سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کم لاگت مکانات کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا۔ حکومت کم آمدن لوگوں کو اپنا مکان بنانے کیلئے سستے قرضے دے گی۔ نیا پاکستان پروگرام کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ کسانوں کو جدید زرعی آلات اور بیج خریدنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آکر انتہائی غریب افراد کیلئے پناہ گاہیں قائم کیں چین نے گزشتہ 30 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا انصاف کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ ہمارے نبی ۖ نے فرمایا اگر میری بیٹی بھی جرم کرے گی تو اس کو بھی سزا ملے گی جن قوموں میں انصاف نہیں وہ تباہ ہو جاتی ہیں۔ حضرت علی نے فرمایا کفر کا نظام چل جائے گا لیکن ظلم کا نظام نہیں چلے گا۔ جو ڈاکو حکومت گرانے کی باتیں کررہے ہیں یہ این آراو مانگ رہے ہیں کیا کسی ملک میں ڈاکو کو این آراو مانگنے کی جرأت ہے۔ پاکستان کی جیلوں میں صرف غریب لوگ ہیں طاقتور ڈاکوئوں کو ہمارے انصاف کا نظام نہیں پکڑ سکتا۔ کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہے کہ کسی ڈاکو کو عدلیہ سزا دے اور وہ بہانہ بنا کر باہرچلا جائے۔ آج تمام بڑے ڈاکو اس لئے شور مچارہے ہیں کہ عمران خان ان کو این آراو دے دے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت ہم اپنے ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے جہاد کررہے ہیں ہم طاقتور کو قا نون کے تابع لانے کی کوشش کررہے ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہے وہی ملک آج خوشحال ہے جس ملک میں انصاف نہیں طاقتور کیلئے ایک اور غریب کیلئے دوسرا قانون ہے وہاں غربت ہے جن قوموں میں انصاف نہیں وہ تباہ ہو جاتی ہیں۔ ہم نے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا کبھی نہیں سیکھا قرضوں پر انحصار کیا جاتا رہا۔ ہاتھ پھیلانے والا ملک عظیم ملک نہیں بن سکتا انشاء اللہ پاکستان ایسا ملک بنے گا جو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانا تو دور کی بات دوسروں کو امداد دیا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں مقبوضہ کشمیر کے عظیم لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ صرف پاکستانی قوم ہی آپ کی طرف نہیں دیکھ رہی ہم آپ پر فخر کرتے ہیں کہ آپ ظلم کے سامنے کھڑے ہیں برہان وانی جیسے نوجوانوں نے جدوجہد آزادی کیلئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں ساری مسلم دنیا آپ کیلئے دعائیں کررہی ہے کہ اللہ ان کو اسی طرح صبر اور طاقت دے اور ظلم کے سامنے کھڑا ہونے کا جذبہ عطا فرمائے ۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگو ہم آپ کے عزم حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قرآن میں اللہ کافرمان ہے کہ ہر مشکل کے بعد میں آسانیاں پیدا کرتا ہوں انشاء اللہ اچھا وقت آپ کے سامنے آرہا ہے ہم پاکستان میں آپ کیلئے دعائیں کرتے ہیں میں ساری دنیا میں آپ کا سفیر بن کر نکلوں گا۔ آپ کی آواز اٹھائوں گا اور اٹھاتا جائوں گا۔ بی جے پی کا آر ایس ایس کا نظریہ صرف کشمیریوں پر ظلم نہیں کررہاہے بلکہ ہندوستان میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے ان کو یہ برابر کے شہری نہیں سمجھتے۔ آر ایس ایس کے نظریے سے سب سے زیادہ خطرہ ہندوستان کوہے۔ ہم ہر فورم پر کھڑے ہوکر آواز بلند کروں گا جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ جائیداد اور کاروبار پاکستان میں نہیں وہ کبھی آپ کیلئے اسٹینڈ نہیں لے سکتا۔ اگر میرا پیسہ اور جائیدادیں باہر ہوتیں تو کبھی بھی امریکہ کو انکارنہ کرسکتا۔ میں بھی امریکہ سے کہتا کہ پاکستان میں ڈرون حملے کرو میں مذمت کرتا رہوں گا اور آپ پاکستانیوں کو مارتے جائو ہمارے پہلے لیڈر کہہ چکے ہیں۔ میں امریکہ سے اس لئے انکار کرسکتا ہوں کیونکہ میرا جینا صرف پاکستان میں ہے وہ آپ کا کبھی لیڈر نہیں ہوسکتا جس کا سب کچھ باہر ہو۔ کشمیر کے نوجوان کبھی ایک ڈرپوک ایک بزدل ،کرپٹ اور جھوٹے آدمی کو اپنا لیڈر تسلیم نہیں کرسکتے۔ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں اور 25 تاریخ کو بلے پر مہر لگائیں انشاء اللہ ہم تبدیلی لے کر آئیں گے۔