بھارت خطے کے امن میں خلل ڈال رہا ہے، شاہ محمود قریشی

عالمی برادری بھارت کو منفی رویئے سے منع کرے، بھارت افغانستان کو امن سے رہنے دے

افغانستان میں حالات خراب ہونے سے اس کے تمام ہمسائے متاثر ہوں گے

وزیرخارجہ کا شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں خطاب

دوشنبے( ویب  نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالات خراب ہونے سے اس کے تمام ہمسائے متاثر ہوں گے،بھارت خطے کے امن میں خلل ڈال رہا ہے،عالمی برادری بھارت کو اس کے منفی رویے سے منع کرے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شریک وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کے ممالک افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں چاہتے ہیں ان ممالک سے مشاورت کے بعد متفقہ حکمت عملی اپنائی جائے۔ پاکستان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہا ہے،افغانستان کی صورتحال بہتر ہونے کا سب کو فائدہ ہوگا خوانخواستہ افغانستان کی صورتحال بگڑتی ہے تو سب متاثر ہوں گے سنہری موقع ہے کہ مشاورتی عمل کو آگے بڑھایا جائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود افغان پناہ گزینوں کی خدمت جاری رکھی خدانخواستہ حالات خراب ہوتے ہیں تو ہم مزید افغان پناہ گزینوں کو رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ افغان پناہ گزینوں کی آڑ میں ایسے عناصربھی داخل ہو سکتے ہیں جوہمیں نقصان پہنچائیں گے۔ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن و استحکام چاہتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پر کب تک انگلیاں اٹھائی جاتی رہیں گی ماضی کی غلطیوں کو مت دہرائیں اور مل بیٹھ کر راستہ نکالیں افغانستان کی اہم شخصیات کو بات چیت کی دعوت دیتے ہیں افغان قائدین بیٹھیں اور بتائیں ہم کیسے ان کی مدد کرسکتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں سپائیلر کا کردار ادا کیا ہے بھارت خطے کے امن میں خلل ڈال رہا ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو منفی رویئے سے منع کرے بھارت افغانستان کو امن سے رہنے دے۔