یورپی پیراگلائیڈرز نے پاکستان میں پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
راولپنڈی(ویب نیوز) پاکستان ایڈونچرسپورٹس کیلئے پرکشش ترین مقام بن گیا، یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نے اسکردومیں واقع بلتورو گلیشئر پر پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈقائم کردیا۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ، پیرا گلائیڈرز نے 8407 میٹر بلندی پر پیرا گلائیڈنگ کا ریکارڈ قائم کیا، آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول کی ٹیم پیراگلائیڈنگ میں شامل تھی۔دنیا میں 8ہزار میٹر سے بلند14میں سے5چوٹیاں پاکستان میں واقع ہیں اور 6یورپی پیرا گلائیڈرز 25مئی سے ہنزہ اور اسکردو میں موجود تھے ، ان کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈ کر رہے تھے، جون میں ان پیرا گلائیڈرز نے ہنزہ کی پہاڑیوں پر پریکٹس کی ، ان کا مشن پیرا گلائیڈنگ کر کے بلندی پر جانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا۔نیا ریکارڈ8407میٹر کا بنایا گیا اس سے قبل عالمی ریکارڈ8157میٹر کا ہے ، اسکردو میں واقع بلتو رو گلیشئر پر ریکارڈ یورپی پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈنے بنایا اور پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی سر زمین پر بنا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی اسکول،فزیکل ٹریننگ کے مایہ ناز پیرا گلائیڈرز بھی پریکٹس میں شریک رہے ، پاکستان آرمی پیرا گلیڈنگ ٹیم کی قیادت کیپٹن احسن نے کی، ان کیساتھ حوالدار قاسم اور حوالدار مقید بھی مہم میں شامل تھے، انھوں نے5سے6ہزار میٹر بلند 4مختلف چوٹیوں سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کی۔غیر ملکی پیرا گلائیڈرز نے حکومت ،پاک فوج کی سہولتوں،معاونت پر شکریہ ادا کیا جبکہ عالمی ریکارڈکی شہرت کیساتھ شمالی علاقہ جات کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔