لاہور (ویب نیوز ) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی وزارت اطلاعات نے اخبارات کی ویب سائٹس سمیت دوسری نیوز ویب سائٹس کے لئے "ڈیجیٹل پالیسی” کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سی پی این ای کے صدر عارف نظامی کی رحلت کے بعد انکے سو گواران سے تعزیت کے بعد سی پی این ای کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے کے دوران کابینہ کی منظوری کے لئے یہ پالیسی کابینہ اجلاس میں پیش کر دی جائے گی۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر سہیل علی خان نے بتایا کہ اس ڈیجیٹل پالیسی کے تحت حکومت اخباری ویب سائٹس کو علیحدہ سے اشتہار جاری کرے گی جس کے لئے ایک ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی ہدایت کے مطابق قومی اخبارات سمیت علاقائی و مقامی اخبارات کی ویب سائٹس کا کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل پالیسی کے تحت کوئی بھی ویب سائٹ جسکو وجود میں آئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہو گا وہ اشتہار لینے کی اہل ہو گی۔ اشتہارات کی ویب سائٹ پر موجودگی کو سائبر ونگ کے زریعہ مانیٹر کیا جائے گا۔ سینیر نائب صدر سی پی این ای کاظم خان سمیت صوبائی صدر ارشاد احمد عارف اور ایاز خان نے پالیسی کے جلدی نفاذ کیلئے وزارت اطلاعات کی کوششوں پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔