تراڑ کھل (ویب نیوز ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ نے کشمیریوں کو ان کا حق ضرور دینا ہے، انشااللہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے ریفرنڈم ہوگا، ایک دن آئے گا وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے تراڑ کھل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انشااللہ ایک دن آئے گا کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، کشمیری عوام خود فیصلہ کریں گے کہ وہ بھارت نہیں پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، میری حکومت بھی ریفرنڈم کرائے گی کہ آپ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد ہونا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈوگرا حکومت کے خلاف کشمیر کے لوگ باربارکھڑے ہوئے، جس قوم نے آزادی کیلئے اتنی قربانیاں دیں اسےاس کا حق ملناچاہیے، ایک دن آئیگا کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے، ابھی سے بات چیت شروع ہوگئی کہ الیکشن میں دھاندلی ہوگی، جم خانہ میں موٹا سا شوقین میچ کھیلنے آیا اس کا نام نوازشریف تھا، نوازشریف میچ کھیلنے آگیا جس طرح سیاست کی ویسی ہی کرکٹ کھیلی، جب فنانس منسٹر بنا تو میچ کھیلنے کیلئے اپنے امپائر لاتاتھا، اس کا ایک امپائر کمشنر اور دوسرا ڈپٹی کمشنر ہوتاتھا، وہ جب آؤٹ ہوتا تھا تو نو بال دےدیتے تھے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی 200سالہ تاریخ میں سب جانتے ہیں نیوٹرل امپائر کون لیکرآیا، ہم دنیا کی سب سے طاقتور ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف نیوٹرل امپائر لیکرآئے، اس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے عزت سے ہارنا بھی بڑی بات ہوتی تھی، ہم نے اپوزیشن جماعتوں کو کہا کہ الیکشن میں اصلاحات کیلئے آئیں۔
عمران خان نے یہ بھی بتایا کہ اپوزیشن کو اصلاحات کیلئے ایک سال سےدعوت دےرہےہیں،کوئی نہیں آتا، الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم سے پولنگ کےبعد ایک بٹن سے نتیجہ آجاتاہے، اب الیکشن آنے لگا ہے تو کہتے ہیں دھاندلی ہونےلگی ہے، کشمیری قوم کو اللہ نے جو صلاحیتیں دی ہیں یہ عظیم قوم بنےگی، آزادکشمیرمیں تھوڑی محنت کرلیں تو روزگار ملےگا،سیاحت سے پیسہ آئیگا، 2013میں کےپی میں پی ٹی آئی کی پہلی بات حکومت آئی، امریکا کی جنگ میں ہم نے شرکت کی تو پاکستان میں تباہی مچی، دہشتگردی کےباعث سب سے زیادہ تباہی کےپی میں آئی۔
وزیراعظم نے کشمیریوں سے وعدہ کیا کہ سب سے پہلے کوشش ہوگی کہ میں آزادکشمیر میں غربت کم کروں، ہماری پوری کوشش ہوگی آزادکشمیر کےلوگوں کو غربت سے نکالیں، غربت کےخاتمےکیلئے احساس پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، احساس پروگرام کےتحت دسمبرتک 40فیصد طبقے کو کھانے پینے کی چیزوں پرسبسڈی دیں گے، سافٹ ویئر بن رہاہے عام آدمی کو کارڈ کےذریعے کھانےپینے کی سستی چیزیں ملیں گی، کامیاب پاکستان کےتحت40فیصدنچلے طبقے کو ہیلتھ کارڈ ،ایک ٹیکنیکل نوکری ملےگی، کامیاب پاکستان کےتحت ہرخاندان کےایک فرد کو بلاسودقرضہ دیاجائے گا۔