وزیراعلیٰ کا صوبے کے شہریوںکی کورونا ویکسینیشن کیلئے احسن اقدام، 5 بڑے شہروں میںخصوصی مہم چلانے کا فیصلہ
لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ شہریو ں کی ویکسینیشن کی جائے گی :عثمان بزدار
کورونا کی چوتھی لہر کا پھیلائو روکنے کیلئے ویکسینیشن ضروری ہے،شہری ویکسین لگوا کر کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں
لاہور ( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر زیادہ سے زیادہ شہریوںکی کورونا ویکسینیشن کیلئے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ شہریو ںکو کورونا ویکسین لگانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔یہ مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔خصوصی مہم کے دوران موبائل ٹیمیں شہریوں کو ویکسین لگائیں گی۔ سپیشل ٹیمیں مارکیٹوں اور بازاروں میں جا کر دوکانداروں کی ویکسینیشن کریں گی۔ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی خصوصی مہم کی خود نگرانی کروں گا اورانشاء اللہ متعلقہ محکموں کی شبانہ روز کاوشوں اور شہریوں کے تعاون سے ویکسینیشن کا ہدف حاصل کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا پھیلائو روکنے کیلئے ویکسینیشن ضروری ہے۔شہری ویکسین لگوا کر کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ویکسین بھی لگوائیں اور ایس او پیز پر بھی عمل کریں