اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ملک میں کورونا وبا دوبارہ شدید لگی ہے اور مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے 7 فیصد سے بھی زائد ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 947 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3752 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.51 فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی ہے جن میں 9 لاکھ 27 ہزار 599 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 32 مصدقہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح اس وبا سے جاں بحق ہونے والے مصدقہ مریضوں کی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی ہے، ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال کیسز کی تعداد 57 ہزار 799 ہے جن میں سے 2 ہزار 677 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔