اندرون ملک کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی پر عملدرآمد شروع
ویکسین سرٹیفیکٹ کی جانچ کے بعد مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کیے جائیں گے
کراچی( ویب نیوز) ملک کے تمام ایئرپورٹس پر اندرون ملک ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی پراتوار سے عمل شروع ہوگیا۔ این سی او سی نے ملک میں کورونا کی بھارت قسم (ڈیلٹا وائرس)کے کیسز سامنے آنے کے بعد یکم اگست سے اندرون ملک فضائی سفر کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ اس کے لئے تمام ایئر پورٹس کے ڈومیسٹک لاوجز میں خصوصی کاونٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔پابندی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کے ٹکٹ کے ساتھ ان کے ویکسین سرٹیفیکٹ بھی چیک کیے جانے لگے ہیں، ویکسین سرٹیفیکٹ کی جانچ کے بعد ہی مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مسافروں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی جارہی ہیں۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق مسافروں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوانا لازمی ہے تاہم 18 سال سے کم عمر مسافروں کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ حاصل ہے۔