ایف بی آر کی زیادتیاں ‘ ٹیکسوں کی بھرمار’ سمال چیمبرز کے وفود فریاد لیکر ایف پی سی سی آئی پہنچ گئے
ہڑتال مسئلہ کا حل نہیں’ چھوٹے تاجروں کے مسائل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ‘ قربان علی، مرز اعبدالرحمن

اسلام آباد(ویب نیوز  )ایف بی آر کی زیادتیاں، ٹیکسوں کی بھرمار ، سمال چیمبرز کے وفود اپنی فریاد لیکر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس پہنچ گئے ۔ سمال چیمبرز کے وفود نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی اور چیف کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن کے سامنے چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل پیش کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ۔ قربان علی اور مرزا عبدالرحمن کی وفود کو ہر ممکن تعاون ، ایف بی آر ، ٹیکسز کے مسائل کے خاتمہ کیلئے سمال چیمبرز کے عہدیداران کی وفاقی وزیر خزانہ و دیگر متعلقہ وزراء و حکام سے ملاقات کرانے کا بھی اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد میں گزشتہ روز سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے بانی صدر شیخ آصف اقبال اور منڈی بہائو الدین چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر ایس ایم حیدر رضا نقوی اور صدر وومن انٹرپینور سعدیہ ظفر کی سربراہی میں چھوٹے تاجروں کے وفود نے چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی اور

چیف کوآرڈینیٹر مرز ا عبدالرحمن سے ملاقات کی ۔ وفد میں منڈی بہائو الدین سمال چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد پٹیالہ ، سرگودھا چیمبر کے نائب صدر شیخ شیر دل ، ای سی ممبر امتیاز احمد، شیخ بلال ظفر، محمد ذیشان، شیخ وسیم رئیس، شیخ سرفراز سمیت خواتین تاجروں میں نائب عظمی شہباز اور تحسین فاطمہ شامل تھیں۔ وفود نے ملاقات کے دوران اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفود کے شرکاء نے کہا کہ ایک طرف کرونا وباء تو دوسری طرف ایف بی آر کے مظالم اور ٹیکسوں کی بھرمار نے چھوٹے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ ٹیکس دینے کے باوجود تاجروں کی عزت ختم ہو کر رہ گئی ہے ۔ ایف بی آر چھوٹے تاجروں کو ذلیل کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کمرشل ایکٹیویٹی کرنی ہو تو سب سے پہلے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ۔ بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے لوگ کاروبار کیسے شروع کریں۔انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ اگر فیڈریشن ہڑتال کی کال دے تو ملک بھر کے تاجر ان کی کال پر لبیک کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کیلئے تیار ہیں مگر ایف بی آر کاروبار بند کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شرکاء نے کہا کہ چھوٹے تاجر معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کار اتنے سخت ہیں کہ کوئی بھی تاجر ان شرائط کو دیکھ کر قرض لینے سے کتراتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اور مرزا عبدالرحمن چیف کوآرڈینیٹر نے سمال چیمبرز کے وفود کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹیکسز ،چھوٹے تاجروں کو ریلیف کی فراہمی اور مسائل کے خاتمہ کیلئے ایف پی سی سی آئی نے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا بوسیدہ نظام اور نئے ایکٹ کی وجہ سے تاجروں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔ فیڈریشن ہر چھوٹے بڑے تاجر کا ادارہ ہے جس کو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو وہ کسی بھی وقت آسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد سمال چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران کی وفاقی وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ وزراء و حکام سے ملاقات کراکر ان کے مسائل حل کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال آخری آپشن ہے تو اسے پہلے کیوں استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر نہیں ہوگا تو معیشت ترقی کیسے کریگی ۔ ایف پی سی سی آئی کا بھرپور تعاون آپ کے ساتھ ہے ۔