سی ڈی اے اسلام آباد میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ڈرائی پورٹ سڑک پر رکا ہوا کام دوبارہ شروع کیا جائے۔ فاطمہ عظیم، عبدالرحمن خان
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی زیر قیادت ادارے نے اسلام آبادشہر کو خوبصورت بنانے کیلئے متعدد ترقیاتی کام شروع کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے کوششیں تیز کرے جس سے شہریوں اور تاجر برادری کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت ملک کا چہرہ ہوتا ہے اوروسائل کی کمی کے باوجود اسلام آباد شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے سی ڈی اے کے اقدامات کو تاجر براری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں چند بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن میں راول ڈیم چوک فلائی اوور، پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس اور کورال پل کی تعمیر شامل ہیں تاہم ان منصوبوں کی تعمیر کی رفتار بہت سست ہے جس سے ان کی تکمیل میں تاخیر کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی انڈرپاس جولائی میں مکمل ہونا تھا لیکن ابھی تک اس کا بہت سا کام باقی ہے جس سے روزانہ اس جگہ شہریوں کو ٹریفک رش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح راول ڈیم چوک فلائی اوور اس سال اکتوبر میں مکمل ہونا ہے لیکن کام کی موجودہ رفتار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں بھی تاخیر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کورال پل اس سال دسمبر میں مکمل ہونا ہے لیکن جس رفتار سے اس کا کام ہو رہا ہے اس میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ لہذا سی ڈی اے کو چائیے کہ وہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے تا کہ شہریوں کی مشکلات جلد حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں بہت سے ترقیاتی کام شروع کئے ہیں جن میں کارپٹنگ اور فٹ پاتھ کی تعمیر شامل ہیں البتہ یہ تمام ترقیاتی کام کچھ سست روی کا شکا ر ہیں اور کہا کہ امیدہے کہ چیئرمین سی ڈی اے ان کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سنیئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمن خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ڈرائی پورٹ سڑک پر رکا ہوا کام دوبارہ شروع کیا گیا تھا لیکن اس کام کو دوبارہ روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائی پورٹ سڑک پر ٹرکوں اور ٹریلرز کا بہت زیادہ رش ہوتا ہے لہذا سی ڈی اے ڈرائی پورٹ روڈ کے کام کو فوراً مکمل کرے جس سے بزنس کمیونٹی کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ انڈسٹریل ایریا میں سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر ترقیاتی کام شروع نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو مسائل کا سامنا ہے لہذا سی ڈی اے کوچائیے کہ وہ انڈسٹریل ایریا میں ترقیاتی کام شروع کرے اور انڈسٹریل ایریا کے سیکٹر آئی ٹین تھری کی گلی نمبر 7 میں نالہ اور جھگیوں کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ ان کی وجہ سے بھی صنعتکاروں کو مسائل سامنا ہے۔