کسی ملک کوسیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم پر الزام تراشی کی اجازت نہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان سرحد پار معاونت کے باعث ہونے والی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے

خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے، لیکن کچھ اسپائلرز خطے میں امن کے دشمن ہیں

دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے، وزیرخارجہ کی تقریبات سے خطاب

ملتان( ویب  نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی ہمارے معاشرے کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، چاہے وہ افراد کی جانب سے ہوں، گروہوں یا ریاستوں کی جانب سے ہوں، خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے، لیکن کچھ اسپائلرز خطے میں امن کے دشمن ہیں۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جو اکثر اوقات سرحد پار معاونت کے باعث ہوئی، ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے، دہشت گردی کے خلاف ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں اپنی جانوں کی قربانی دی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے، ہم نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم متنازعہ علاقوں میں جغرافیائی تبدیلیوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، یہ یکطرفہ اقدام، خطے میں تعاون اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کی ہماری کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، ہمارے لوگوں کی خوشحالی اور سماجی ترقی اور خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ دیرینہ تنازعات کو پرامن طریقے حل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، حق آزادی اظہار رائے کا استعمال ذمہ داری کا متقاضی ہے، اسے کم و بیش دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔