لاہور  (ویب ڈیسک)

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی کاساتواں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرظفرعلی چوہدری،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر آصف طفیل ودیگرسینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران چھٹے سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔اجلاس کے دوران مختلف پوسٹ گریجوایٹ پروگرامزکی منظوری دی گئی اور فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی کو پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ پروگرامزکی منظوری دی گئی ۔ فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی کو انڈوومنٹ فنڈ کیلئے نیااکاؤنٹ کھلوانے اور الائیڈ ہسپتال فیصل آبادکیلئے لیب اورطبی سامان خریدنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہاکہ فیصل آباد ڈویژن میں صحت کے تمام منصوبوں کو بروقت اورترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجارہاہے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں بہترسہولیات کیلئے کوشاں ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صوبہ بھرکی طبی درسگاہوں میں طلباء وطالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔پنجاب کی طبی درسگاہوں میں بین الاقوامی معیارکی تعلیم دی جارہی ہے۔