اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں شجرکاری مہم کا آغاز
تاجر برادری شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کر کے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنا ئے۔سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے چیمبر کے احاطے میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد اسلام آباد اور پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے مشن کی تکمیل کی طرف مثبت پیش رفت کرنا تھا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدلرحمٰن خان، خالد چوہدری، محسن خالد، ضیا چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے گذشہ سال اسلام آباد میں ایک گو گرین مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہزاروں پودے لگائے گئے تھے اور اس سال بھی مارکیٹوں و صنعتی علاقوں سمیت وفاقی دارالحکومت میں مزید پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پانچ سال کے عرصے میں پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف رکھا ہوا ہے اور چیمبر سے شجرکاری مہم کا آغاز تاجر برادری کی طرف سے وزیر اعظم کے میشن کے حصول کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔
سردار یاسر الیاس خان نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور وفاقی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ اسلام آباد کے ماحول کو صحت افزا اور اور مزید سرسبز بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے کیونکہ جانوروں کے کھانے اور دیمک کی وجہ سے پودوں کی بقا کی شرح صرف پچاس فیصد رہ جاری ہے۔انہوں نے دیگر اداروں اور سول سوسائٹی کے ممبران سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اسلام آباد کو ملک کا سرسبزو شاداب ترین شہر بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔