ضلع فرخار میں سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، صوبے بدخشاں میں صورتحال انتہائی خراب ہے،افغان حکام

کابل (ویب ڈیسک)

طالبان نے افغان شہر قندوز کے ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے فرح، بدخشاں اور بغلان سے افغان افواج کے انخلا کے بعد اب طالبان نے نہ صرف قندوز ائیرپورٹ بلکہ وہاں قائم افغان فوج کی کور پامیر 217 کے ہیڈکوارٹر کو بھی قبضے میں لے لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان فوجی طالبان کے آگے ہتھیار ڈال رہے ہیں، اس کے علاوہ طالبان نے قندوز میں فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا ہے۔افغان حکام کے مطابق ضلع فرخار میں سیکیورٹی فورسز کو طالبان کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ صوبے بدخشاں میں صورتحال انتہائی خراب ہے، سرکاری گاڑیوں کو لوٹ کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ صرف 5 روز کے دوران طالبان 34 میں سے 9 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرچکے ہیں جبکہ طالبان کی پیش قدمی کو روکنے میں ناکامی پر صدر اشرف غنی نے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔