اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔ یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارک دیتا ہوں 75واں یوم آزادی مناتے ہوئے بابائے قوم اورقیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والی نسلوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ان لاکھوں مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لئے ہجرت کی اور عظیم قربانیاں دیں،بھارت میں رہ جانے والے مسلمانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن سے آج دوسرے درجے کے شہری کا سلوک رواہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں اور علامہ اقبال کے ایک جمہوری، متحمل اور ترقی یافتہ ملک کے خواب کی تکمیل کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔ 90 لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن عزیز کے لئے کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دوسرے ممالک اورمعاشروں میں اپنی ہمت وہنر سے مقام پیدا کیا اور پاکستان کانام روشن کیا ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے جو ہماری آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہیں ترقی پزیر ممالک میں پاکستان نے ماحولیاتی تغیر کے مسئلے سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے کورونا وبا سے نمٹنے میں ترقی پزیر ممالک سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔