ملک کی ترقی وخوشحالی اورمستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں پر عزم اور متحد رہناہوگا،پروفیسر ضیاء الحق
پشاور (ویب ڈیسک)
خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام وطن عزیز کا74 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایاگیا۔یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے علاوہ خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیاجس میں مختلف اداروں کے طلباء وطالبات نے قومی ترانے کے ساتھ ٹیبلوز، ملی نغمے اور خاکے پیش کئے۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیاجنہوں نے آزادی کی راہ میں اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی استحکام اور دفاع وطن کے لئے مضبوطی سے کھڑے رہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی نیزمستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے قیام کے آغاز سے ہی کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا البتہ 73سالہ محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں آج پاکستان ایک اہم مقام پر کھڑاہے جہاں مختلف شعبوں میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ پروفیسر ضیاء الحق نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم ان مقاصد کو حاصل کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں جس کی بنیاد پرقائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک آزاد مسلم ریاست کا قیام عمل میں لایاگیا تھا۔