ہنگو (ویب ڈیسک)

ملک کے دیگر شہروں کی طرح ضلع ہنگو اور ضلع اورکزئی میں 14اگست یوم جشن آزادی ملی جوش وجذبے سے منا یا گیا اس سلسلے میں ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور پرچم کشائی کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر ہنگو کے آفس میں ایک بڑے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام محکموں کے افسران و اہلکاران ،اقلیتی برادری ،سکول و کالج کے طلباء ،سنی شیعہ مشران اور علاقہ معززین نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو سرمد سلیم اکرم،کمانڈنٹ ٹل سکائوٹس کرنل اسامہ اور ڈی پی او اکرام اللہ ADCہنگواور ڈی ایس پی ہنگو عرفان اللہ خان نے مشران سے ملکر پرچم کشا ئی کی ۔اس موقع پر کرنل اسامہ ،ڈپٹی کمشنر ہنگو اور ڈی پی او اکرام اللہ نے تقاریر کرنے والے اور ملی نغمے پیش کرنے والے طلباء میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہنگو سرمد سلیم اکرم ،حسن احمد خان ایڈوکیٹ ،حسین علی شاہ ،اقلیتی رہنمائوں پنڈت ھری دیال اور فرید سنگھ نے کہا آزادی کا یہ دن ہمیں بڑے پیمانے پر ہونے والی قربانیوں کے نتیجے میں ملا ہے اس دن کی قدر کرنی چاہیئے اور ہمیں ہر وقت متحد و متحرک رہنا چاہیئے اور آزادی کے اس مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیں جدو جہد کرنی چاہیئے جبکہ ضلع اورکزئی کے ہیڈکوارٹر ہنگومیں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور ضلع اورکزئی میں مختلف ریلیاں نکا لی گئیں اس موقع پر ہنگو او ر اورکزئی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ادھر یوتھ اسمبلی کے زیراہتمام ایک مختصر ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ دوسری جانب 14 اگست یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ ن ضلع ہنگو کی جانب سے بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی جنرل سیکرٹری سید جمال اورکزئی، مسلم لیگ ن تحصیل ناظم ہنگو کے امیدوار عبدالواحد اورکزئی، یوتھ ونگ ضلعی صدر انجنئیر عمر فیاض، سٹی صدر الیاس اورکزئی، تحصیل جنرل سیکرٹری خلیل اورکزئی، شہزاد ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران 14 اگست کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید جمال اورکزئی، تحصیل ناظم ہنگو کے امیدوار عبد الواحد اورکزئی، الیاس اورکزئی و دیگر نے پوری قوم کو 74ویں یوم آزادی پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، آج ہم جس آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں یہ ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ عبد الواحد اورکزئی و دیگر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک نیوکلئیر اسلامی ریاست ہے اس لئے دنیا کے نقشہ میں نہایت اہمیت اور مقبولیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے ۔