اسلام آباد (ویب ڈیسک)
این سی او سی نے بھارت کو کورونا کی کیٹیگری سی سے نکال دیا۔ این سی او سی کے اجلاس میں دنیا بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں جن ممالک کو وبا کے تیز پھیلائو، روزانہ کی بنیاد پہ بڑھتے کیسز اور کم ویکسین کی شرح کی بنیاد پہ کیٹیگری سی میں رکھا گیا ان میں بنگلہ دیش، ایکواڈور، گوئیٹے مالا، انڈونیشیا، ایران، عراق، لیبیا، میکسیکو، مراکش، میانمار، نمیبیا، نیپال، جنوبی افریقا، تھائی لینڈ اور تیونس شامل ہیں، جبکہ بھارت کو کیٹیگری سی سے نکال دیا گیا ہے۔تمام کیٹیگریز کے ممالک سے آنے والے افراد پر کورونا ٹیسٹوں کے پروٹوکول لاگو رہیں گے، مختصر دورانیہ کے ویزے پر کیٹیگری سی ممالک میں سفر کرنے والے پاکستانیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر واپس سفر کی اجازت ہوگی، کیٹیگری سی میں موجود ممالک کے علاوہ تمام ممالک کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے، نظر ثانی شدہ فہرست کو تمام تر متعلقہ پروٹوکولز کے ساتھ فوری نافذ العمل کر دیا گیا ہے، 15 ستمبر 2021کو اس پالیسی پہ نظر ثانی کی جائے گی۔