جنوبی پنجاب  سے پارٹی پالیسی سے انحراف پر 22 ارکان  کو پی ٹی آئی  سے نکال دیا گیا

سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی  بھی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کردی گئی

مخدوم خسرو بختیار، سردار محمد خان لغاری بھی پارٹی سے نکالے جانے والوں میں شامل ہیں۔

اسلام آباد (ویب  نیوز)

تحریک انصاف نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت جنوبی پنجاب میں 22 ارکان کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کردی۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے منگل کو پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے ارکان کو برطرفی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر تمام ارکان کی پاکستان تحریک انصاف سے رکنیت ختم کر دی۔جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کے جن ارکان کی رکنیت ختم کی گئی ان میں عثمان بزدار، مخدوم خسرو بختیار، سردار محمد خان لغاری، جاوید اختر انصاری، محمد ظہیر الدین خان علی زئی، فاروق اعظم ملک، سید ندیم زمان شاہ، احتشام الحق لالیکا، شہزادہ بہاول خان عباسی، سبین گل، میاں شفیع محمد، سید محمد اصغر شاہ، میاں طارق عبداللہ، محمد اختر ملک اور محمد افضل شامل ہیں۔پی ٹی آئی نے احسان الحق، سلیم اختر لابر، سلمان خان گڈوکا، اکرم کانو، محی الدین سولنگی، مخدوم افکار الحسن اور راجہ محمد سلیم کو بھی پارٹی سے نکال دیا۔تمام ارکان کی پاکستان تحریک انصاف سے رکنیت فوری طور پر ختم کرتے ہوئے تحریک انصاف نے  پارٹی کا نام، عہدہ اور رکنیت کا استعمال کرنے سے روک دیا۔