جعلی انوائس اسکینڈل؛ صدر مملکت نے ایف بی آر کی درخواستیں مسترد کردیں
عارف علوی کی ملزمان کو شنوائی کا حق دینے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(ویب نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 1.2 ارب روپے کے جعلی انوائس اسکینڈل میں ایف بی آر کی درخواستیں مسترد کردیں۔ ایف بی آر نے 1.2 ارب روپے مالیت کے جعلی انوائس اسکینڈل سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے سو موٹو کیسز میں فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل کر رکھی تھی، صدر مملکت عارف علوی نے اس حوالے سے دائر 42 درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے نمٹا دیا۔صدر مملکت نے ایف بی آر کو ماہانہ عمل درآمد رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کو شنوائی کا
حق دینے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔اسکینڈل میں ایف بی آر حکام نے جھوٹے دعوے داروں کو جزوی یا مکمل طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈ ادا کئے تھے، ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس نے اس جعلسازی کا پردہ چاک کیا تھا، فیلڈ فارمیشن کو ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے باوجود ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی، وفاقی ٹیکس محتسب نے واقعے پر سو موٹو نوٹس لیتے ہوئے ذمے داران کا تعین کرنے اور تادیبی کاروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔ایف بی آر نے صدر مملکت کے احکامات اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر 130 جعلی ریفنڈ کیسز سے نمٹنے کے لئے 6 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی، انکوائری کمیٹیوں کو ذمے داران کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ چارج شیٹ کا مسودہ 30 دنوں میں پیش کرنا تھا