مسلسل لاک ڈاون سے کشمیری تاجروں کوسات ارب ڈالر کا نقصان
سیاحت اور دستکاری کا شعبہ سخت متاثر،ہینڈی کرافٹس بنانے کا عمل رک گیا
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مسلسل لاک ڈاون سے جموں وکشمیر کے مقامی کاروباری حلقے کو سات ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔کشمیر چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلسل لاک ڈان کی وجہ سے ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہو چکے ہیں، اس لاک ڈان نے سیاحت اور دستکاری کے شعبے کو شدید نقصان سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہینڈی کرافٹس بنانے کا عمل رک گیا ہے پیپر ماشی کو جموں وکشمیر میں چودہویں صدی میں ایک معتبر کاروبار کی حیثیت حاصل تھی اور اس کے نمونے مختلف معاشروں میں پسند کیے جاتے تھے۔ اس فن کو جمالیاتی فن کا حصہ قرار دیا جاتا ہے۔ ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ نئی دہلی حکومت کے سخت لاک ڈان نے کشمیر کے تاجروں، سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد اور فنکاروں کی صلاحیتوں کو کلی طور پر محدود کر دیا ہے۔ ایسے ہنرمندوں میں پیپر ماشی کے فن سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔کشمیر کی دستکاریوں میں کئی فنون شامل ہیں لیکن قالین بافی، پیپر ماشی اور لکڑی پر دلفریب نمونے بنانے کو خاندانی کاروبار اور فنون میں شمار کیا جاتا ہے۔ نسل در نسل ان فنون کی منتقلی ہوتی رہی ہے۔پیپر ماشی کو شوخ رنگوں کی وجہ سے بہت دلکش دستکاری کے نمونے قرار دیے جاتے ہیں۔
پیپر ماشی سے وابستہ خاندان کسی دور میں انتہائی آسودہ حال ہوا کرتے تھے لیکن اب غربت نے ان کے گھروں کی راہ دیکھ لی ہے۔اس فن میں کاغذ کے دستوں کو گیلا کر کے کوٹ کوٹ کر یک جان کر دیا جاتا ہے اور پھر اس گیلے کاغذی مواد کو مختلف صورتوں ڈال دیا جاتا ہے۔ ان نمونوں کو شوخ رنگوں سے سنوارا جاتا ہے۔مشہور صوفی بزرگ سید علی ہمدانی چودہویں صدی میں پیپر ماشی کا فن ایران سے کشمیر لائے تھے۔ ان کے ساتھ ایرانی دستکار بھی تھے اور انہوں نے مقامی کشمیری افراد کو پیپر ماشی سکھا کر اس فن کے ترویج کی۔اختر حسین میر کا خاندان ایک صدی سے زائد عرصے سے پیپر ماشی کے کاروبار میں منسلک ہے۔ حالیہ انتہائی سخت انتظامی اقدامات کی وجہ سے اب یہ کاروبار میر صاحب کے سامنے دم توڑتا جا رہا ہے۔اختر حسین میر نے دس برس کی عمر میں پیپر ماشی کا فن سیکھنا شروع کیا تھا۔ انہیں ان کے والد نے اس فن سے روشناس کرایا تھا۔ پانچ دہائیاں اس فن کے ساتھ وابستہ رہنے والے اکبر میر کے مالی حالات بہت کمزور ہر چکے ہیں کیونکہ سیاحتی صنعت کو شدید گراوٹ کا سامنا ہے۔ اس فن سے وابستہ کئی اور دستکاروں کے حالات بھی اختر حسین میر کی طرح ہو کر رہ گئے ہیں۔سرینگر شہر کے قدیمی اور گنجان آبار عالمگیری بازار میں اختر حسین اینڈ برادز کے نام سے واقع دوکان کی رونق اجڑ چکی ہے۔ اس دوکان پر کام کرنے والے دستکاروں کو اب شدید مشکلات درپیش ہیں۔اس کاروبار کے شریک مالک ناصر میر کہتے ہیں کہ سن 2019 سے قبل ان کی دوکان پر ایک سو افراد کام کرتے تھے اور اب صرف پندرہ رہ گئے ہیں۔ سیاحت میں زوال نے پیپر ماشی کی دستکاری کو قریب قریب ختم کر دیا ہے۔ ناصر میر مزید کہتے ہیں کہ اب صرف مقامی خریدار ہیں، جو شادی بیاہ کے لیے کچھ سامان خرید رہے ہیں اور اسی سے ان کی گزر بسر ہو رہی ہے۔