صدرعارف علوی کا دورہ جی ایچ کیو؛ آرمی چیف سے ملاقات، سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ
علاقائی صورت حال اور قومی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال
صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، یادگار شہدا پر حاضری دی
راولپنڈی(ویب نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں علاقائی صورت حال اور قومی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ نے صدر مملکت کا استقبال کیا، اس موقع پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،
ڈاکٹر عارف علوی نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور وطن کی راہ میں اپنی جان نچھاور کرنے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں صدر مملکت اور آرمی چیف کے درمیان علاقائی صورت حال اور قومی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا، انہیں کمیونی کیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ کی جانب سے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔صدر مملکت نے پاکستان کی بیرونی اور اندرونی سلامتی کے لیے پاک فوج کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاک فوج کی صلاحیت اور دیگر محکموں و اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کے طریقہ کار کو بھی سراہا۔