کراچی (ویب ڈیسک)
شیل پاکستان لمٹیڈ (یس پی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے26اگست کو،سنہ 2021ء کی پہلی ششماہی کے لیے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔اعلان کردہ نتائج کے مطابق کمپنی نے 2,150ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں کمپنی کو7,873 ملین روپے کا خسارہ ہوا تھا۔گزشتہ انتہائی دشوارسال کے مقابلے میں سنہ 2021ء کی پہلی ششماہی میں نمایاں بحالی دیکھی گئی۔اِس حوصلہ افزا تبدیلی کی بنیادی وجہ کاروباری کارکردگی میں بہتری تھی جس میں بہتر فیولز اور لیوبریکینٹس، اخراجات میں کمی اور اپنے ملازمین کے علاوہ کسٹمرز کے تحفظ جیسی ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھی گئی تھی۔زیرجائزہ عرصے کے دوران، موبیلٹی کے کاروبار نے کے الیکٹرک کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تاکہ پورے کراچی اور اْس کو مربوط کرنے والے ہائی ویز پر مشترکہ الیکٹرک –وہیکل چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جا سکیں۔ لیوبریکینٹس کا کاروبار بلا تعطل فراہمی کے ذریعے پاکستان کو تعمیر، ٹیکسٹائل اور کان کنی کے شعبوں میں توانائی فراہم کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ،موٹر سائیکل انجن آئل کی کیٹگری میں ایڈوانس فیول سیو30 10W-کے نام سے ایک باکفایت پریمیم پروڈکٹ متعارف کرائی گئی۔ 26اگست کو منعقدہ اجلاس میں شیل پاکستان لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یکم نومبر2021ء سے وقار صدیقی کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے طور پر تقرر کی۔ وقار صدیقی ہارون رشید کی جگہ لیں گے جنھوں نے یکم نومبر، 2021ء سے بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر استعفا دے دیا تھا۔ انھوں نے سنہ 2011ء سے اب تک بورڈ ڈائریکٹر کی حیثیت سے 3سال تک خدمات انجام دیں تھیں۔موجودہ چیلنجوں کے اثرات کو کم سے کم رکھنے کے لیے شیل پاکستان اپنا کام جاری رکھے گا اور ایسے مواقع حاصل کرنے کی کوشش کرے گاجن کی مدد سے پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی ترقی میں اہم کردار کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔