صنعتی شعبے کیلئے ریسرچ پراجیکٹس کو فروغ دینے کیلئے چیمبر اور اسلامک یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ
طلبا میں انٹرپرنیورشپ کی حوصلہ افزائی کیلئے چیمبر اور یونیورسٹیوں کے مابین مضبوط روابط ضروری ہیں۔ سردار یاسرالیاس خان
انڈسٹری اور اکیڈمیا کو قریب لا کر پاکستان میں نالج اکانومی کو بہتر ترقی دی جا سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ہتھل حمودالوطیبی

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ انڈسٹری اکیڈمیا روابط کو مضبوط کر کے صنعتی شعبے کے اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے ریسرچ پراجیکٹس کو فروغ دیا جاسکے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہتھل حمود الوطیبی نے معاہدے پر دستخط کیے۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، ایگزیکٹو ممبرز اسلم کھوکھر، سعید خان، محمد شاکر، جاوید اقبال، شوکت حیات خان اور نعیم پراچہ سمیت خالد چوہدری اور بزنس کمیونٹی کے دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود ہیں۔


مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مشترکہ کوششوں سے طلبا میں صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپلائیڈ ریسرچ پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ صنعتی شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے مشترکہ طور پر ایسے اقدامات پر کام کریں گے جو صنعتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ان کی پیداواری لاگت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر باہمی دلچسپی کے امور پر کانفرنسیں، سیمینار، ورکشاپس، جاب فیئرز، تحقیقی منصوبے، آگاہی سیشن اور دیگر پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام منعقد کریں گے۔ چیمبر متعلقہ شعبے کے ماہرین کو یونیورسٹی کے بورڈ آف اسٹڈیز اور انڈسٹریل ایڈوائزری بورڈز میں نامزد کرے گا جیسا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ضرورت ہے۔ دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے طلباء کے لیے انٹرن شپ پروگرام اور تربیتی پروگرام ترتیب دینے کی کوشش کریں گے۔


اسلامک یونیورسٹی کے طلباء مقامی صنعت کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے کے لیے تحقیقی سٹیڈیز کریں گے جن کو چیمبر اور اسلامک یونیورسٹی کی مشترکہ ٹیموں کے سامنے پیش کیا جائے گا تا کہ ان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے۔ اسلامک یونیورسٹی چیمبر کے ممبروں کے طلباء کو یونیورسٹی کے طے کردہ میرٹ پر ٹیوشن فیس میں 10 فیصد رعایت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی چیمبرکے سفارش کردہ اور ڈونر ایجنسی کے معیار پر پورا اترنے والے تین مستحق طلباء کو ہر سال اپنی مختلف اسکالرشپ اسکیموں کے ذریعے ٹیوشن فیس میں مکمل چھوٹ دینے کی کوشش کرے گی۔ چیمبر انڈسٹری کے نمائندوں اور اسلامک یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء کی مشترکہ میٹنگز کا اہتمام کرے گا تاکہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ چیمبریونیورسٹی کو ایسے ٹریننگ پروگرام کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا جو اس کے یا سرکاری اداروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں فیکلٹی اور طلباء کی صلاحیت بڑھانے کے لیے منعقد کئے جائیں گے۔ چیمبر انڈسٹری میں اسلامک یونیورسٹی کے طلباء کے لیے انٹرن شپ کے مواقعوں کی بھی نشاندہی کرے گا اور صنعتی یونٹوں، تجارتی اور کارپوریٹ اداروں میں ان کو انٹرنشپ فراہم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ طلبا میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلئے چیمبر اور یونیورسٹیوں کے مابین مضبوط روابط کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے کرکے مضبوط انڈسٹری اکیڈمیا روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں کیونکہ یہ روابط مہارت کی ترقی، علمی معیشت اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مضبوط روابط نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تحقیق و ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر اور اسلامک یونیورسٹی کا باہمی تعاون نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے اور صنعتوں کے اہم مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہتھل حمود الوطیبی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کو قریب لا کر پاکستان میں نالج اکانومی کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں معیاری تحقیقی کا کام کر رہی ہیں جو یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دے کر صنعتوں کیلئے کافی فائدہ مند ہو سکتا ہے اور ان کے اہم مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر اور اسلامک یونیورسٹی کے درمیان تعاون کا معاہدہ طلبا کو کاروبار کی طرف راغب کرنے اور صنعتی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دینے میں معاون ثابت ہو گا۔